وزیراعظم اعلی تعلیمی درجے کے طلباءکو بلاسود قرض دیں :محمد علی درانی
لاہور: وزیراعظم اعلی تعلیمی درجے کے طلباءکو بلاسود قرض دیں،اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے جنرل سیکریٹری محمد علی درانی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اعلی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو بلاسود قرض فراہم کرے تاکہ یہ ضرورت مند نوجوان فیس اور تعلیمی اداروں کے داخلہ اخراجات ادا کرسکیں۔
محمد علی درانی نے کہا کہ مڈکل کلاس سے تعلق رکھنے والے یہ طالب علم کورونا کے معاشی اثرات کے باعث سرکاری و نجی یونیورسٹیوں اور پروفیشنل اداروں کو تعلیمی اخراجات ادا نہیں کر پا رہے۔ فوری توجہ نہ دی گئی تو اس ڈیفالٹ کی وجہ سے ہائر ایجوکیشن کا پورا نظام بیٹھ جائے گا۔وزیراعظم کے نام اپنے وڈیوبیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اعلی تعلیم کے درجہ میں آنے والے بچوں کو فیس اور داخلہ کے اخراجات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان بچوں اور ان کے سفید پوش والدین کی مدد کرے اور بلا سود قرض براہ راست ان کے تعلیمی اداروں میں جمع کرائے۔ دنیا کے اکثر ملک اپنے بچوں کو یہ سہولت پہلے ہی فراہم کررہے ہیں جس کے تحت حصول تعلیم کے بعد طالب علم یہ قرض واپس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا اثرات کا مقابلہ کرنا ہے تو ہائر ایجوکیشن نظام اور اس میں زیر تعلیم نوجوانوں کو بچانا ہوگا۔ یہ وہ قیمتی افرادی قوت ہے جو ملک کو سرمایہ، عزت اور ترقی فراہم کرسکتی ہے۔
محمد علی درانی نے کہاکہ ان طالب علموں کے والدین تنخواہ دار، ٹیکس ادا کرنے والے محنت کش طبقات سے تعلق رکھتے ہیں جو اپنی آمدن کا بڑا حصہ تعلیم میں سرمایہ کاری کی صورت اپنے بچوں کے مستقبل پہ خرچ کر تے ہیں۔ حکومت کی اتحادی مسلم لیگ (ف) کے جنرل سیکریٹری محمد علی درانی نے کہاکہ بے زبان مڈل کلاس ہاتھ اور دامن نہیں پھیلا سکتی۔ ان کی مدد کے لئے حکومت نے فوری قدم نہ اٹھایا تو اس مجرمانہ غفلت کے ملک اور مڈل کلاس پر دور رس تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
٭٭٭٭٭