اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں استحکام کی کوشش، کمزور طبقے کی امداد کے لئے خصوصی پلان ترتیب
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں فروٹ اور سبزی منڈ یوں کی تعداد میں اضافے اور آٹے کی قیمت میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے جائزے کے لیے اجلاس کیا گیا-
اجلاس میں وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، معاون خصوصی ملک امین اسلم، سینئر صوبائی وزیر برائے خوراک عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر زراعت سردار حسین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور سینئر افسران شریک تھے ۔
اجلاس میں پھل اور سبزی منڈیوں کی تعداد میں اضافے کی غرض سے موجودہ قوانین میں نظر ثانی و ترمیم، نجی شعبے کے اشتراک اور طریقہ کار کو مزید سہل بنانے کے حوالے سے لئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے ابتدائی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی- اجلاس کو وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اشیائے ضرور یہ کی عوام الناس کو مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی، آٹے کی قیمت میں کمی لانے کے لئے گندم سے آٹے کی پیداوار بڑھانے کے ضمن میں فلور ملوں میں پسائی کے 80:20تناسب پر عملدرآمد، گندم کی خریداری، ترسیل اور سٹوریج میں انتظامی اخراجات میں کمی کے حوالے سے اصلاحات پر مجوزہ تجاویز پیش کی گئیں ۔
پھل اور سبزی منڈیوں کی تعداد میں اضافہ کے حوالے سے پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیشن ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے سفارشات، نجی شعبے کو منڈیوں کے قیام میں غیر ضروری انتظامی منظوریوں کے عمل کے خاتمے اور طریقہ کار کو مزید سہل بنانے اور موجودہ منڈیوں میں قیمتوں کے غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو مانیٹر کرنے کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو پھل اور سبزی منڈیوں میں اضافے کے ایکشن پلان پر عملدرآمد حوالے سے نئے رجیم پر بھی آگاہ کیا گیا ۔ وزیراعظم کو آٹے کی قیمت میں کمی لانے کے حوالے سے گندم سے آٹے کی پیداوار بڑھانے کے ضمن میں فلور ملوں میں پسائی کے 80:20 تناسب پر عملدرآمد کے لئے سفارشات، گزشتہ چند ماہ سے فلور ملوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں پر موثر کریک ڈاؤن پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اشیائے ضرور یہ کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے کہا کہ افسران کی اولین ترجیح قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو مانیٹر کر کے غیر ضروری اضافے کے خاتمے کو یقینی بنانا ہونی چاہیے۔
انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اشیاء خورد نوش کی منڈی اور ریٹیل قیمت میں بے جا فرق نہ ہو تا کہ عوام کو کم سے کم قیمت پر اشیاء خورد نوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے- موجودہ حکومت کی اولین ترجیح غریب اور پسے ہوئے عوام کی زندگی میں ہر ممکن آسانی فراہم کرنا ہے ۔
وزیر اعظم نے اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ معاشی لحاظ سے سب سے کمزور طبقے کی امداد کے لئے خصوصی پلان ترتیب دیا جائے تا کہ حکومت کے وسائل کو بطورسبسڈی عوامی فلاح کے لئے موثر انداز میں استعمال کیا جا سکے- وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ صحت افزاء خوراک اور آٹے کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے پر توجہ دی جائے- گندم کی ترسیل اور آٹے کی قیمت کے نظام کو جامع حکمت عملی کے تحت مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تا کہ مستقبل میں بھی عوام کو پریشانی کا سامنا نہ ہو ۔