’ندیم افضل چن غیرت مند ہیں جو حکومت سے الگ ہوگئے‘

سکھر: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کے استعفے پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ ندیم افضل چن غیرت مند ہیں جو حکومت سے الگ ہوگئے، حکمران کس منہ سے اپنی تعریفیں کررہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے جو وعدے کیے انہیں پورا کرکے دکھایا اور ہم نے اپنے دور میں اپنے منشور پر 80 فیصد عمل کیا لیکن ملک کے عوام اس وقت منہگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز مستعفی ہونے والے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کسی بھی صورت استعفیٰ واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ندیم افضل چن کا استعفی وزیراعظم کو موصول ہو گیا ہے اور انہوں نے گاڑی اور دفتر سمیت دیگر سرکاری مراعات بھی واپس کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ندیم افضل چن نے کسی صورت بھی استعفی واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ندیم افضل چن نے معاون خصوصی اور ترجمان کے عہدے سے استعفی دیا تھا۔
ندیم افضل چن نے اپنا استعفیٰ گزشتہ روز ترجمانوں کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کو بھجوایا تھا

Shares: