وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صوبے کے طول وعرض میں گندم کی غیر قانونی منتقلی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اپریشن عید الفطر کی تعطیلات کے باوجود بھر پور طریقے سے جاری ہے۔اناج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن میں درجنوں گندم سمگلرز دھر لئے گئے جبکہ غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی گندم کی ہزاروں بوریاں برآمد، چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اینٹی سمگلنگ کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے480 تھیلے چینی کے کمالیہ سے ساھیوال لے جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ضبط کر لیئے جبکہ 300 بوریاں یوریا پیر محل سے چیچہ وطنی لے جانے کی کوشش کرنے پر راوی پل پر اینٹی سمگلنگ کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ضبط کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ بہاو نگر میں بھی حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع بھر ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ نے یکم رمضان المبارک سے ابتک کارروائیوں کے دوران ضلع بھر میں ذخیرہ کی گئی چینی کی 3ہزار 840بوریاں اور گندم کے 7ہزار 80بیگز برآمد کیے ہیں۔اب تک ذخیرہ اندوزی کیخلاف 889انسپیکشنز کی گئیں اور 9 مقامات کو سربمہر اور 60 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔فیصل آباد ڈویژن کے تین اضلاع میں گذشتہ روز270.7میٹرک ٹن گندم ذخیرہ اندوزوں سے قبضہ میں لی گئی جبکہ گندم خریداری مہم کے دوران اب تک ضبط کی گئی 3606.75 میٹرک ٹن گندم سنٹر پر منتقل کرائی جاچکی ہے۔کمشنر سلوت سعید نے اس بارے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 1256.050 میٹرک ٹن،جھنگ، میں 1138.850،چنیوٹ میں 783.35 اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 428.5میٹرک ٹن گندم قبضہ میں لی جاچکی ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ، پولیس محکمہ خوراک اور دیگر اداروں کی جانب سے اب تک کی جانے والی 59 کارروائیوں میں 132 گاڑیوں اور گوداموں میں چھپائی گئی 2080.615 میٹرک ٹن گندم کو سرکاری قبضہ میں لیا جاچکاہے جبکہ سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف 10 ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ میں اب تک کی جانے والی کارروائیوں میں 372.290 میٹرک ٹن، گجرات میں 221.975 میٹرک ٹن،منڈی بہاؤالدین میں 348.800 سیالکو ٹ میں 176.150 میٹرک ٹن جبکہ نارووال میں 759.250 میٹرک ٹن گندم محکمہ خوارک کے قبضہ میں لی گئی ہے جبکہ 202.150 میٹرک ٹن گندم کو ضبط کر لیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں عیدالفطر تعطیلات کے باوجود کسانوں سے گندم کی خریداری کاسلسلہ جاری ہے،ضلع کے سرحدی علاقوں میں گندم کی غیرقانونی ترسیل روکنے کیلئے بی ایم پی،رینجرز،محکمہ خوراک،زراعت اور الائیڈ محکموں کا سٹاف الرٹ ہے،وہوا میں ایک ٹریکٹر ٹرالی سے200گندم کی بوریاں برآمد کرلی گئی ہیں،غیر قانونی ترسیل کے دوران پکڑی گئیں 12 گندم کی بوریاں پی آر سنٹر ٹبی قیصرانی منتقل کردی گئی ہیں،وہوا جنوبی سے7لوڈر رکشوں پر گندم کی400بوریاں ضبط کرلی گئی ہیں،ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرکے گندم کا سٹاک فوڈ سنٹر پر پہنچا دیا گیا ہے،وہوا جنوبی میں ہی 3500بوریوں کا سٹاک بھی پکڑا گیا ہے،سٹاک فوڈ سنٹر پر پہنچا کر ملزمان کیخلاف مقامی پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کروادی گئی یے،شاہ صدر دین میں گزشتہ روز پکڑی جانیوالی گندم کی بوریاں پرچیز سنٹرز پر شفٹ کردی گئی ہیں۔

ساہیوال ڈویژن میں تحصیل چیچہ وطنی میں گزشتہ روز غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی گندم کی 200بوریاں قبضے میں لے کر پی آر سنٹر کماند منتقل کر دی گئیں۔ایک اور کارروائی میں محکمہ خوراک کی ٹیم نے 1400 بوری گندم باردانہ قبضے میں لے لیا۔ ڈویژن بھر میں 43 چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔

Shares: