سرگودھا: عید الفطر، پولیس نے حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

سرگودھا،باغی ٹی وی ( ادریس نواز چدھڑ سے ) عید الفطر کے موقع پر سرگودھا پولیس کی جانب سے حتمی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا،ضلع بھر میں چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے جائیں گے ۔

ترجمان پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 500 سے زائد مقامات پر عید الفطر کے اجتماعات منعقد کیئے جائیں گے ۔ چاند رات اور عید الفطر پر 1600 سے زائد اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے ۔

ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے علیحدہ پلان مرتب کیا گیا ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس سے سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے ۔ ضلع بھر میں تمام پولیس اہکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیئے گئے ہیں ۔ چاند رات پر بازاروں میں پولیس پکٹس قائم کر کے اضافی نفری تعینات کی جائے گی ۔

عید کے تمام اجتماعات کی نماز سے قبل حساس اداروں سے سرچنگ سویپنگ کروائی جائے گی ۔ عید گاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے لیے منتظمین کو بھی آن بورڈ لیا گیا ہے ۔ چاند رات اور عید کے موقع پر ضلع بھر میں تمام شاہراہوں پر پولیس موبائلز ، محافظ اسکواڈ اور ایلیٹ کی ٹیمیں گشت کناں رہیں گی ۔

عید پر پارکس اور دیگر تفریحی مقامات پر بھی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ ہلڑ بازی ، ہوائی فائرنگ اور ون وہیلنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا نے کہا کہ امن وامان کو یقینی بنایا جائے گا ۔ کسی بھی شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا ۔

پرامن رمضان کے بعد پرامن عید کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ پرامن رہ کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔

اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں، ون ویلنگ جیسے خطرناک کھیل سے اجتناب کریں، امن و امان قائم رکھنے میں پولیس کا ساتھ دیں ۔

Leave a reply