ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے،مسلمان سنت ابراہیمی اداکرتے ہوئے اپنے جانورذبح کررہے ہیں
لاہور: ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے،کہیں نمازعیدالاضحیٰہوچکی تو کہیں ہورہی ہے ،اطلاعات کےمطابق ملک بھر میں عید الاضحیٰ ہفتہ کو مذہبی جوش و خروش سے منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔
کروڑوں فرزندان اسلام سنتِ ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے۔ عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے کملک بھر میں حساس مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، عیدالاضحی کے سلسلہ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے آج جمعہ سے لے کر2اگست تک عام تعطیلات کا اعلان کیاہے۔ تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے، بینک، عدالتیں بھی بند رہیں گے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کےلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیاروں کے پاس بلاوجہ نہ جانے کی قربانی یہ یقینی بنائے گی کہ ہر ایک کےلئے عید محفوظ اور خوشیوں بھری ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ عید الاضحیٰ ہر طرح کی قربانی کے جذبے کا نام ہے اور ہم احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرکے انسانیت کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ عید پر اگر انتہائی ضروری ہوتو گھر سے باہر نکلیں۔
اُدھر عید الاضحیٰ پر اپنے ایک پیغام میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو عیدالضحی کی مبارکباد دیتا ہوں، عید الاضحی ہر مسلمان کو ایک اعلیٰ مقصد کی خاطر قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی یاد دہانی کراتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہر مسلمان کو اپنی انا کو قربان کرنے کا عزم کرنا ہوگا، انا کی قربانی کے ساتھ ساتھ ایک عظیم مقصد کے لیئے اتحاد اور اس پر عمل کے لیے اتحاد کے لئے کام کرنا ہوگا، عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر حکمران اپنی پھولی ہوئی انا کو چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو اس حقیقی مقصد و کاز کے لئے متحد کرنے کی کوشش کریں جو واقعی قومی ہو، عوام عید نہایت سادگی کے ساتھ منائیں اور معاشرتی دوری اور مہلک وباء کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔