ایک ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا
سائٹ ایریا میں ایک ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدود مسان چالی سلطان مسجد کے قریب واقع گھر میں ہفتہ کی سہ پہر فائرنگ کے واقعہ میں ایک خاتون اور مرد جاں بحق ہو گئے،واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں مقتولہ کی شناخت 24 سالہ آمنہ عرف روبی زوجہ شیر زمان اور مرد کی شناخت 27 سالہ شیر زمان عرف موسی کے نام سے ہوئی۔
ایس ایچ او ظفر علی شاہ کے مطابق مقتولین میاں بیوی تھے اور ایک ماہ قبل ہی انہوں نے پسند کی شادی کی تھی جسکے بعد وہ مذکورہ مقام پر رہ رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ مقتول کے گھر والے غازی گوٹھ اورنگی ٹان جبکہ مقتولہ کے گھر والے ایم پی آر کالونی کے رہائشی ہیں،انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کے دو سگے بھائیوں اسد اور صدیق نے مقتولین کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گئے،مقتولہ کو ایک جبکہ مقتول کو دو گولیاں ماری گئیں تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔