خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) بابِ خیبر پر بھارتی جارحیت کے خلاف خیبر پولیس اور قبائلی عمائدین کا بھرپور احتجاج
قبائلی ضلع خیبر میں بھارتی جارحیت، کشمیریوں پر مظالم اور پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کے خلاف ایک پرامن مگر پُرجوش احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرہ جمرود کے تاریخی مقام بابِ خیبر پر کیا گیا، جہاں خیبر پولیس، قبائلی مشران، سماجی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مظاہرین نے بھارت مخالف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی سرحدی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔ شرکاء نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری اقدامات کرے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل چیئرمین حاجی عظمت خان، عبدالمنان مدوخیل، حضرت ولی آفریدی، خالد اکبر، حاجی خان، زیور جان اور دیگر قبائلی مشران نے کہا کہ قبائلی عوام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل جمرود محمد نواز، ایس ایچ او نسیم خان، ایڈیشنل ایس ایچ او خالد خان، غفار خان، حسین زادہ اور رفیع اللہ نے بھی شرکت کی۔ پولیس افسران نے کہا کہ خیبر پولیس صرف داخلی سلامتی تک محدود نہیں بلکہ قومی دفاع کے ہر محاذ پر متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرہ قبائلی عوام اور پولیس کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔
احتجاجی مظاہرہ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا، اور آخر میں پاکستان کی سلامتی، کشمیری عوام کی آزادی اور خطے کے امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔