جنرل الیکشن 2024 پر ساڑھے 33 ارب روپے کے اخراجات آئے۔الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کے الزامات پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمر ایوب مسلسل الیکشن کمیشن ، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کے بارےمیں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اورجھوٹا پروپیگنڈہ کرتے رہے ہیں اس سلسلے میں حال ہی میں ایک ٹی وی چینل پر غلط بیانی کرتے ہوئے یہ الزام لگایا ہے کہ جنرل الیکشن 2024پر ساڑھے 14 ارب روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے حکومتِ وقت سے اس سے کہیں زیادہ کے الیکشن اخراجات کا تقاضا کیا تھا اوراس طرح اُن کو الیکشن ملتوی کرنے کا موقع فراہم کیا۔
حقیقت یہ ہے کہ جنرل الیکشن 2018 کے اخراجات 28 ارب روپےسے زیادہ تھے جس کے تناظرمیں مختلف عوامل جیسا کہ افراط زر کی شرح ،ووٹرز کی تعداد میں اضافہ، پولنگ اسٹیشن و پولنگ عملہ کی تعداد میں اضافہ اور اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کو دیکھتے ہوئے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیاتھا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے اخراجات کم سے کم کرنے کی کوشش کی اور پھر بھی جنرل الیکشن 2024 پر ساڑھے 33 ارب روپے کے اخراجات آئے۔