اسلام آباد:الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں 24 مئی تک مکمل کر لی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں پر کام 11 اپریل سے جاری ہے جو بلاتعطل 3 اگست تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں آئین و قانون کے مطابق مکمل ہو جائیں گی، چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے لیے قائم حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے لیے نقشے اور دیگر ڈیٹا متعلقہ اداروں سے حاصل کر لیا گیا ہے، کمیٹیاں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں کی ابتدائی حلقہ بندیاں 24 مئی تک مکمل کر لیں گی جبکہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 28 مئی کو کر دی جائے گی۔

ادھر دوسری طرف فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوری میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ای سی میں فیصلہ ہوا تھا کہ بروقت امیدواروں کا چناؤ کرکے انہیں انتخابی مہم شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند اپنی درخواستیں تیس اپریل تک پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر کے نام بھجوائیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ درخواستیں بلاول ہاؤس کراچی یا اسلام آباد سنٹرل سیکریٹریٹ ہاؤس نمبر ایک سٹریٹ 85. جی 6/4 اولڈ ایمبیسی روڈ اسلام آباد بھجوائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم این اے کے لیئے چالیس ہزار روپے اور ایم پی اے کے لئے تیس ہزار روپے کا ڈرافٹ درخواست کے ساتھ جمع کرایا جائے۔

ترجمان پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ 23 اپریل کے بعد متعلقہ کمیٹی اس حوالے سے فیصلے کرے گی اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے نام فائنل کرے گی۔

Shares: