توانائی بحران سے نمٹنے کیلئےبنگلہ دیشی حکومت کا سخت اقدامات کا فیصلہ
بنگلہ دیش میں حکومت نے ڈیزل سے چلنے والے تمام پاور پلانٹس بند کرنے جبکہ پیٹرول پمپس ہفتے میں ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے-
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین جنگ کے دوران ایندھن کی آسمان چھوتی قیمتوں کے باعث توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے بنگلہ دیشی حکومت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے-
توانائی بچت کے لیےبنگلہ دیش میں ڈیزل سے چلنے والے پاور پلانٹس بند کر دیے گئے ہیں جبکہ پیٹرول پمپس بھی ہفتے میں ایک دن کے لیے بند رہیں گے۔
پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق توانائی بچت کی نئی پالیسی سے روزانہ تقریباً 1500 میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال پیدا ہونے کا امکان ہے شارٹ فال کے باعث ملک بھر میں روزانہ کم از کم دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ بجلی بچت کے لیے دفتری اوقات میں کمی، ایئر کنڈیشنر کے استعمال میں اعتدال اور گاڑیوں کے ایندھن کی کھپت کو کم کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی زیر غور ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں بجلی بچت کے لیے تمام مارکیٹس اور دکانیں 8 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کے وفاقی دارالحکومت میں بھی ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ تاجر برادری آج سے دوبارہ کاروبار رات 9 بجے بند کر دیں ریسٹورنٹس میں ڈائننگ کا وقت رات ساڑھے 11بجے تک ہے، اس حوالے سے دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے کاروباری بندش کے اوقات میں 18 جولائی تک نرمی کی گئی تھی۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامہ کے مطابق کراچی میں شادی ہالز اور شادی کی تقریبات رات ساڑھے10بجےختم کرنی ہو گی جب کہ ہوٹل ریسٹورنٹ،کافی شاپ،جیم،کلب، سینما ساڑھے 11 بجے بند کرنے ہوں گے بجلی سے چلنےوالےتمام بل بورڈز اور ہورڈنگ رات 9 بجے بند کرنے ہوں گے۔ ہفتے کوکسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، ایک ہفتےکےدوران جمعہ یااتوارکو عام تعطیل ہوگی۔