انگلینڈ کی جیت نہیں چاہتا لیکن اس کو ہرانا پاکستان کے لیے چیلنج ہوگا،شین وٹس
سابق آسٹریلوی کرکٹرشین واٹسن نے ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا۔
باغی ٹی وی: میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کی بولنگ اور انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کا مقابلہ ہے جو بولنگ اور بیٹنگ کا یہ مقابلہ جیتے گا وہ ٹرافی اٹھائے گا۔
شین واٹس کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں قسمت نے بھی پاکستان کا ساتھ دیا ہے لیکن اب یہ نہیں سوچنا کہ پاکستان یہاں تک کیسے پہنچا اب آج کا کھیل اہم ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی پرفارمنس ٹاپ کی پرفارمنس تھی، اگر پاکستان نے انگلینڈ کے ٹاپ بیٹرز کو جلد آؤٹ کیا تو کھیل پر کنٹرول کرلے گا۔
واٹسن نے کہا کہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کیلِئے اہم ثابت ہوسکتے ہیں لہٰذا انگلینڈ کے بیٹرز پہلے اوور میں ہی شاہین کے وار کیلئے تیار رہیں انگلینڈ کی جیت نہیں چاہتا لیکن اس کو ہرانا پاکستان کے لیے چیلنج ہوگا، چاہتا ہوں کہ آج پاکستان جیتے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بابراعظم اور محمد رضوان اوپننگ برقرار رکھیں ، ان کا مزید کہناتھا کہ موسم بہتر ہے ، امید ہے میچ مکمل ہو گا۔
قبل ازیں بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سنجے منجریکر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی قوت ٹاپ کلاس باؤلنگ اٹیک ہے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف بہترین باؤلرز ہیں اور پاکستانی ٹیم کے پاس ایسے اسپنرز ہیں جو بہترین بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں جبکہ شاداب خان کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔
سنجے منجریکر نے انگلینڈ کے کھلاڑیاں کی بھی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے پاس بیٹنگ پر سمجھوتہ کیے بغیر بولنگ آپشنز ہیں اور تکنیکی لحاظ سے وہ اچھے کھلاڑی بھی ہیں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کے ٹاپ آرڈرز کو آؤٹ ہونے کا خوف نہیں وہ ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کے لیے ماڈرن فارمولا استعمال کرتے ہیں۔