ایوان میں سازگار ماحول کو یقینی بنانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اسپیکرسد قیصر
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کی ملاقات۔
اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے منگل کے روز وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن پر اجلاس بلایا جائے گا۔دونوں رہنماؤں کا ایوان کی کاروائی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسپیکرسد قیصر نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانا اور ایوان میں سازگار ماحول کو یقینی بنانا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی سے نہ جمہوریت کی خدمت ہے نہ ہی عوام کی۔انہوں نے مزید کہا آئندہ اجلاس میں قانون سازی اور قومی اہمیت کے حامل اہم مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا۔اسپیکر نے کہا کہ ایوان کی کاروائی خوشگوار ماحول میں چلنے سے عوامی اہمیت کے امور اور قانون سازی بہتر انداز میں کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی نظریں اپنے منتخب نمائندوں کی طرف لگی ہوئی ہیں لہذا عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے عوام کے منتخب نمائندوں کو پارلیمنٹ کے ذریعے ان کے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے پارلیمنٹ کا موثر انداز میں استعمال کر کے عوامی مسائل کا حل تجویز کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ایوان کی کاروائی موثر انداز سے چلانے پر اسپیکر کے کردار کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کی کاروائی میں ہمیشہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو برابر موقع فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ممبران قومی اسمبلی آئندہ اجلاس میں قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھیں گے اور ایوان کی کاروائی ساز گار ماحول میں چلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو ملک اور عوامی اہمیت کے حامل اہم مسائل کو زیر بحث لانا چاہیے تاکہ عوام کا اپنے منتخب نمائندوں پر اعتماد میں اضافہ ہو سکے گا۔