گجرات: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ ایسی یونیورسٹی سیالکوٹ میں آ رہی ہے جو پورے ایشیا میں نہیں ہو گی۔
باغی ٹی وی : وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گجرات کی خدمت کر کے اپنا فرض ادا کر رہے ہیں اور چودھری ظہور الہٰی شہید کی بدولت ان کا خاندان عوام کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیر وترقی کے اقدامات آئندہ چندہ ماہ میں نظر آنا شروع ہو جائیں گے اور خاندان کے سربراہان جو کنجی ہمیں دے گئے وہ سب کچھ اگلی برسی میں حوالے کر دیں گے عوام کی خواہش پر گجرات کو ڈویژن بنا دیا اور ایسی یونیورسٹی سیالکوٹ میں آ رہی ہے جو پورے ایشیا میں نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ 15 اضلاع میں بچیوں کو وظائف دے کر اسکول جانے کا پابند کر دیا ہے اور عمران خان کے ویژن کے مطابق اگلی نسل کو کلمہ طیبہ پر عمل پیرا کرا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی اصلیت سب کے سامنے ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے اور مونس الہیٰ نے عمران خان کا ساتھ دیا۔ شہباز شریف کو وزیر اعظم بنا کر قوم کو کیا تحفہ پیش کر دیا گیا اور شہباز شریف کی مغلیہ سوچ سے ہم پہلے ہی واقف ہیں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ اپنی مرضی کرنے والی اولاد کو پیار سے سمجھا کر واپس لانا ہی عقلمندی ہے اور یہاں بھی عقلمندی کا ثبوت آئندہ ایک دو ماہ میں آپ کو نظر آنا شروع ہو جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے گرینڈ ایشین یونیورسٹی آف سیالکوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ شہباز شریف نے پنجاب حکومت کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بیرون ملک سے ملنے والی امداد کا ایک پیسہ تک نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو النیہان اور دیگر حکمرانوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد ملی عمران خان کے ساتھ میں نے ٹیلی تھون کی اور اڑھائی ارب روپیہ اکٹھا کیا جو ہم تمام صوبوں کے سیلاب متاثرین کو دے رہے ہیں شہباز شریف نے اپنے دور میں ایک بھی پائیدار کام نہیں کیا –
انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں کی خواہشیں بہت ہیں اور ن لیگ والے بہت بیان دیتے ہیں یہ سن لیں،اللہ تعالی نے پنجاب کی حکومت مجھے دی ہے شریف خاندان تکبر کے مارے ہوئے ہیں، یہ پنجاب کی حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے سب نے ٹوپی ڈرامہ لگا رکھا تھا کہ شہباز شریف آگیا، لیکن شہباز شریف بری طرح ایکسپوز ہوا ہے