یورپی یونین کے ممبر ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں،حمزہ شہباز

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے یورپی یونین جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے پرنسپل ٹریڈ ایڈوائزر گوس ہوٹن (Mr. Guus Houttuin) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی.
ملاقات میں جی ایس پی پلس کے بارے میں مختلف کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال گیا.وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے جی ایس پی پلس کے بارے میں مختلف کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ خواتین اور اقلیتی برادریوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ نئے بلدیاتی نظام کا بل پنجاب اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے۔لوکل گورنمنٹس کے نئے نظام میں خواتین، اقلیتوں اور یوتھ کے لئے مخصوص نشستوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں خواتین اور اقلیتوں کو با اختیار بنانے کے لئے ہمارے سابقہ دور میں ضروری قانون سازی کی گئی-

حمزہ شہبازکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلی میں پنجاب حکومت نے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کیا ۔ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے 85ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا ۔ ان بچوں کو مفت تعلیم کیساتھ ماہانہ وظیفہ بھی دیا ۔چائلڈ لیبر کے خلاف اسی عزم کے ساتھ کے ساتھ کام کریں گے، جس طرح ہماری حکومت نے سابق دور میں کیا۔ پاکستان میں بلاامتیاز سب شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے چیلنج کا بہادری کیساتھ سامنا کیا ہے سیاسی وعسکری قیادت کے اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں ملیں ۔ قائد اعظم کے پاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ تحمل،برداشت، بھائی چارے اور رواداری پر مبنی پاکستان ہماری منزل ہے۔ یورپی یونین کے ممبر ممالک نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے میں بھرپور حمایت کی – یورپی یونین کے ممبر ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

صوبائی وزراء سردار اویس احمد خان لغاری،ملک محمداحمدخان، عطاء اللہ تارڑ، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

Comments are closed.