ہر آدمی کو منشیات جیسی لعنت کے خلاف اٹھنا ہو گا, وفاقی وزیر
اسلام آباد- وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ کی ڈی چوک سے پارلیمنٹ ہاوس تک انسداد منشیات واک میں شرکت- اس موقع پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک بھی موجود تھے.
اسلام آباد انسدادِ منشیات واک کے دوران وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات پوری قوم کا مسلہ ہے اس پر ہمیں مل کر سوچنا ہو گا- ان کا کہنا تھا کہ اس واک سے آگہی حاصل ہو گی کہ منشیات ایک خطرناک چیز ہے جس سے بچاؤ ممکن اور ضروری ہے- وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ہر آدمی کو منشیات جیسی لعنت کے خلاف اٹھنا ہو گا- وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں منشیات کی وباء پھیل رہی ہے اور نشہ ایک بہت بڑی لعنت ہے جس سے ہماری آنے والی نسلیں تباہ ہو سکتی ہیں- ان کا کہنا تھا کہ اس مارچ کا مقصد نشے کے خلاف آگاہی پھیلا نا ہے- وفاقی وزیر اعجاز کا کہنا تھا کہ
اسکول اور یونیورسٹیوں میں یہ وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اوراپنی نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانا ہمارا فرض ہے-
اس واک کا مقصد اس بات کا احساس دلانا تھا کہ نشے کی عادت انسان کی زندگی خطرے میں ڈال دیتی ہے اور اس سے چھٹکارا پانے کے لئے ہم سب کو مل کر نشے سے انکار کرنا ہوگا- یہ پیغام دینے کے لئے اس موقع پر واک کے شرکاء نے نشے سے انکار- زندگی سے پیار کے بینر اٹھا رکھے تھے-
وزارت انسداد منشیات اور اے این ایف تین سطح کی پالیسی کے تحت منشیات کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے، جس میں ڈیمانڈ میں کمی لانا، سپلائی کو کم/ختم کرنا اور عالمی سطح پر باہمی تعاون کے ذریعے منشیات کے خلاف کام کرنا شامل ہیں-
اس واک میں وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ، میجر جنرل عارف کے ساتھ ساتھ وزارت انسداد منشیات اور اے این ایف کے افسران نے بھی شرکت کی- واک کے دیگر شرکاء میں عام عوام، مختلف سکول، کالجز، یونیورسٹیز کے طلباء، پاکستان بوائز سکاوٹز، گزلز گائیڈز، سول سوسائٹی، یو این او ڈی سی اور این جی اوز کے نمائندے شامل تھے- واک کا آغاز ڈی چوک اور اختتام پارلیمنٹ ہاوس پر ہوا- واک کے شرکاء میں انسداد منشیات سے متعلق کتابچے تقسیم کئے گئے-