اسلام آباد:کینٹ ایریاز سے تعلیمی اداروں کی بے دخلی،احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان ،اطلاعات کے مطابق ملک بھر کے 42کنٹونمٹ بورڈز کے ایریاز سے نجی تعلیمی اداروں کو نکالنے کے حوالے سے دی جانے والی 31دسمبر2021ء کی ڈیڈ لائن کے خلاف نجی تعلیمی اداوں کی ملک گیر تنظیم کا بڑا فیصلہ،آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر مستقل احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔ احتجاجی کیمپ مطالبات کی منظوری اور کینٹ ایریازسے نجی تعلیمی اداروں کی بے دخلی کا فیصلہ واپس لینے تک جاری رہے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیمپ کا فیصلہ مجبوری میں کیا جارہاہے کیونکہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل احتجاج اور تمام دروازے کھٹکھٹانے کے باوجود نجی تعلیمی اداروں کو ان کا جائز حق نہیں دیا جارہاہے اور متعلقہ اداروں نے بھی کوئی توجہ نہیں دی ہے،
انہوں نے کہاکہ کینٹ کے ایریاز میں ایک سروے کے مطابق 15ہزار سے زائد نجی تعلیمی ادارے ہیں،ان میں 37لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں،بے دخلی کے فیصلے سے یہ بچے سکولوں سے محروم ہوجایں گے، ان میں تدریسی و غیر تدریسی خدمات انجام دینے والے دو لاکھ کے قریب افراد بیروزگار جبکہ سکول مالکان کی جانب سے اربوں روپے لگا کر قائم کی گئی عمارات اور انفراسٹرکچر پر ہونے والی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی،
انہوں نے کہا کہ احتجاجی کیمپ میں ملک بھر سے ایسوسی ایشن کے عہدیداران،دیگر ایجوکیشن تنظیموں کے وفود، وکلاء،سول سوسائٹی، اراکین پارلیمنٹ اور صحافی برادری کی تنظمیوں کے عہدیدار بھی دورہ کریں گے اورمطالبات کی منظوری تک یہ کیمپ مستقل بنیادوں پر اسی جگہ قائم رہے گا۔