کابل :افغان وزیردفاع کے گھر کے باہر دھماکا اور شدید فائرنگ:کابل میں‌ خوف کی فضا قائم ،اطلاعات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت میں کار بم دھماکا ہوا، جس میں وزیر دفاع بسم اللہ محمدی خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے بعد جگہ کا تعین کرنے کے لیے سیکیورٹی اور ریسکیو کی ٹیمیں روانہ ہوئیں۔سیکیورٹی فورسز نے کچھ دیر بعد اس بات کی تصدیق کی کہ دھماکا کابل میں ہی ہوا، جس میں وزیردفاع کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق وزیردفاع بسم اللہ محمدی کے گھر کے باہر دھماکا ہوا، جس کے فوراً بعد حملہ آوروں نے شدید فائرنگ بھی کی اور وہاں سے فرار ہوگئے۔وزیردفاع جنرل بسم اللہ کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ وہ اور اہل خانہ بالکل محفوظ ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کارروائی میں مسلح جدوجہد کرنے والا گروہ شامل ہے۔ دوسری جانب دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

Shares: