علماء امن کے داعی اور منبر ومحراب کے وارث ہیں، چوہدری فیصل فاروق چیمہ

سرگودھا۔07اگست(اے پی پی)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری فیصل فاروق چیمہ نے کہا ہے کہ علماء امن کے داعی اور منبر ومحراب کے وارث ہیں۔ وہ معاشرے میں اخوت وبھائی چارا‘ اتفاق ومحبت او ررواداری کے جذبو ں کو فروغ دیں۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کر دار ادا کریں۔ دشمن انتہائی شاطر اور چالباز ہے۔وہ ہمارے باہمی نفاق سے ہمارے امن عامہ میں نقب لگاسکتاہے۔ ان خیالات کااظہا رانہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قائم مقام ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف آفیسر ضلع کونسل رانا جمیل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت قدیر گورائیہ،سول ڈیفنس آفیسر ثناء اللہ خان، ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر وحید ا حمد،علماء کرام قاری وحید، قاری احمد علی ندیم، پیر جاوید قادری، تاجر رہنما نعیم کپور، ناصر سہگل، ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر فاروق، شاہین احسان مغل، بھائی عبدالرحمان، ڈاکٹر مسرت ودیگر متعلقہ اداروں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے۔چوہدری فیصل فاروق چیمہ نے کہا کہ سرگودہا پرامن ضلع ہے ا س کے امن کے قیام میں علماء کا کلیدی کردار ہے۔ امن کمیٹی کے اراکین باہمی مشاورت سے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے اس ضلع میں کسی قسم کی امن عامہ کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ تحصیل سطح پر امن کمیٹیوں کے اجلاس بلائیں او ر معاملات باہمی مشاورت سے نمٹائیں۔ انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی او رعید گاہوں میں ساؤنڈ سسٹم اور صفائی کے اعلیٰ انتظامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے علماء کی نشاندہی پر شہر میں چنگ چی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل کو کنٹرول کرنے کے لئے رکشوں کو روٹس کے مطابق رنگ الاٹ کرنے کی تجویز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی اور رکشوں کے شہر میں داخلوں پر پابندی لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ون ویلنگ کے قوانین پر سختی سے عملد درآمد کروانے کی ہدایت کی تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت کی طرف توجہ دیں ا نہیں زندگی سے پیارکرنا سیکھائیں۔انہوں نے علماء پر زور دیاکہ وہ اپنے خطبات میں والدین او ربچوں کی اخلاقی وروحانی تربیت کریں اور بہترین سماجیات پر زور دیں۔ اجلاس میں قائم مقام ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)شعیب علی نے ضلع کے قیام امن میں علماء اور تاجروں کے کردار کو سراہا اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ قبل ازیں علماء اور تاجروں نے اجلاس کو امن عامہ کے قیام کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ سرگودہا کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء میں باہمی ہم آہنگی او ربھائی چارے کی فضا قائم ہے او رہر فرقہ وارانہ معاملات میں ایک پیج پر ہیں۔

Tagsbaaghi

Comments are closed.