سرگودہا(نمائندہ باغی ٹی وی )صوبائی پارلیمانی سیکریٹری برائے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نار کوٹکس چوہدری فیصل فاروق چیمہ نے کہا ہے کہ جس معاشرے اور قوم نے استاد کی عزت کی وہ عزت مند ٹھہرے ۔ آئندہ نسلوں کی انفرادی و اجتماعی زندگی استاد کے ہاتھوں میں ہے وہ ان کی زندگی جس رخ چاہے موڑ سکتاہے ۔ معلم اپنے علم کی منہ بولتی تصویر اور اخلاق کا نمونہ ہو تو اس کی ذات معاشرے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور پھر وہ صحیح معنو ں میں انقلاب پرپا کر سکتا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام گورنمنٹ جامعہ گرلز ہائی سکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر آسیہ گل ،سی ای او ایجوکیشن ریاض قدیر بھٹی ،ڈی او سیکنڈری ملک منظور احمد ، ڈی او ایلیمنٹری ذوالفقار احمد رانجھا اور ڈی او ایلیمنٹری وجیہہ وحید انور کے علاوہ ڈپٹی ڈی ای اوز اور اساتذہ نے شرکت کی۔ صوبائی پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ موجودہ حالات اور دنیاکے بدلتے تناظر میں اب استاد کو کئی محاذوں پر اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ استاد نے صرف ملک و قوم کو ایک پڑھی لکھی افرادی قوت ہی نہیں فراہم کرنی بلکہ ایسے افراد تیار کرنا ہیں جو غلامی کا ادارک کر سکیں اور ان تبدیلیوں میں اپنے سماج، مذہب اور ملک کے مفاد کی خاطر اپنا کردار ادا کر سکیں۔