فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار
کراچی الیکشن ٹربیونل نے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اعتراض مسترد کرتے ہوئے انھیں سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل نے میں فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پرسماعت ہوئی، سماعت میں وفاقی وزیر کے وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈ نے کسی قسم کے حقائق نہیں چھپائے انہوں نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی، کاغذات پر اعتراضات خلاف قانون ہیں۔ وکیل رشید اے رضوی نے موقف اپنایا کہ فیصل واوڈا نے انتخابات کے بعد امریکی شہریت ترک کی وہ سینیٹ الیکشن کیلئے اہل نہیں، 2018 کے انتخابات میں فیصل واٶڈا نے امریکی شہریت کا ذکر نہیں کیا، یہ کہنا غلط ہے کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے۔ الیکشن ٹربیونل نے پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کی جانب سے فیصل واوڈا کےکاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اعتراض مسترد کرتے ہوئے فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا۔