فیصل آباد ڈپٹی کمشنر محمد علی نے آن لائن فیس بک کچہری لگا کر شہریوں کے براہ راست کمنٹس پرلائیو سٹریمنگ کے ذریعے جوابات دیئے اورضلعی انتظامیہ کے محکموں کی طرف سے شکایات ومسائل پر پیشرفت اورشہریوں کی طرف سے بعض اشیاء ضروریہ کی اوورچارجنگ کی شکایات پراسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنڑول مجسٹریٹس کو ایکشن لینے کی تاکیدکی۔
ایک گھنٹہ جاری رہنے والی فیس بک کچہری میں 800 سے زائد افراد نے کمنٹس کئے اور ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی بیشتر مسائل کا ازالہ کرادیا۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے ویکسینیشن سنٹرکی تعداد میں اضافہ،پارکنگ، تجاوزات، سٹریٹ لائٹس، قبضہ مافیا، روڈز پیچ ورک، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سمیت ریونیو سے متعلقہ مسائل سنے اور شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
انہوں نے شہریوں کی طرف سے آن لائن فیس بک کچہری کے اقدام کے خیر مقدم کا شکریہ اداکیا اور بتایا کہ کورونا وباء کی صورتحال کے باعث بعض افراد مسائل کے حل کے لئے دفاتر کا رخ نہیں کررہے جن کی سہولت کے لئے ڈیجیٹل سسٹم کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور آن لائن کچہری لگا کر مسائل سننے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے جس کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں کی طرف سے فیس بک کچہری لگانے کے اقدام کی تعریف پر فیصل آبادیوں کا شکریہ اداکیا۔ اسسٹنٹ کمشنرصدر عمر مقبول،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔