فیصل آباد : شہباز گل بازار آئے تو شیر شیر گو نیازی گو کے نعرے لگ گئے،اطلاعات کے مطابق آج وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل جب فیصل آباد تشریف لائے تو بازار سے گزرتے ہوئے چند ن لیگیوں نے شیر شیر گو نیازی گو کے نعرے لگا دیئے جسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا گیا
اس حوالے سے فیصل آباد سے آنے والی اطلاعات کے مطابق آج وزیراعظم کے معاون خصوصی جب شہر میں داخل ہوئے اور ضلع کونسل پہنچنے کے لیے گزررہے تھے تو چند نونیوں نے اس موقع پر بہت بڑے جلوس کو دیکھتے ہوئے شیر شیر گو نیازی گو کے نعرے لگانے شروع کردیئے ، اس موقع پر وہاں موجود لوگ ان نعروں سے مہموز ہوتے رہے
یاد رہے کہ آج وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ وترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بدھ کو فیصل آباد کر ڈویژن بھر کے ہرگھرانے کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا آغاز کریں گے۔
ضلع کونسل فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ شہبازشریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد نے ملک مقصود چپڑاسی، جسکی تنخواہ 9ہزارروپے تھی، کے اکاؤنٹس میں 4،4ارب روپے ڈالے لیکن رقم صرف ایک آدھ دن کیلئے تھی لیکن جب اسی ملک مقصود چپڑاسی کے گھر میں بیماری آجاتی تو وہ بہو کا زیور، بھینس، مکان یادیگر اثاثے بیچ کر یا ادھار لے کر اپنا علاج کرواتا اور اس جیسے لوگوں کو دوہری پریشانی لاحق ہوتی، ایک یہ کہ اس کے گھر میں بیماری آجاتی اور دوسرا یہ کہ وہ بیماری کے علاج کیلئے اخراجات کہاں سے لائے لیکن عمران خان نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہرشہری کا ہاتھ پکڑا اور اسے 10لاکھ روپے تک سالانہ مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کی اور عملی اقدامات اٹھائے جبکہ ملک میں دونہیں ایک نظام پاکستان تحریک انصاف کا منشور تھا جس کے باعث جہاں ماضی میں چور ڈاکو اور سیاسی لبادے میں موجود صاحب اقتدار لوگ ملکی خزانہ لوٹتے رہے اس کے برعکس اب ملک میں کسی وزیر،مشیر یا بیوروکریٹ کو کرپشن کی جرات نہیں ہوسکتی کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اسلام آباد میں 6فٹ کا عمران خان نامی انتہائی ایماندار ودیانتدار وزیراعظم ڈنڈا پکڑ کر بیٹھا ہو اہے لہٰذا اگر کسی نے کرپشن کی جرات کی تو یہ ڈنڈا اس کے گٹوں پر آئے گا۔
انہوں نے کہاکہ پہلے ملک پر 30سال تک دوٹبروں نے حکومت کی جو ملک میں اپنا علاج کروانا تو دور کی بات ، وہ ٹیسٹ کروانے کیلئے بھی امریکہ اور برطانیہ جاتے تھے جہاں سے ان کی جھوٹی سچی رپورٹیں بنتی تھیں نیز ان کی دیکھا دیکھی صف اول کے بعد صف دوم اور صف سوم میں شامل رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی جیسے لوگ بھی جنہوں نے اپنے آقاؤں کی دیکھا دیکھی مال بنایا وہ بھی اپنے علاج کیلئے باہر جانا شروع ہوگئے حالانکہ ان کی مشینری کا باہر علاج ہوہی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہاکہ ان لوگوں نے لوٹ لوٹ کر ملک میں تباہی مچا دی اور ایسا نظام بنایا کہ جس میں ٹاٹ والے سکولوں میں پڑھنے والے بچے بیکن ہاؤس کے بچوں کا مقابلہ نہ کرپاتے کیونکہ وہ کوئی اور ہی دنیا لگتی تھی لہٰذا وہ نوکری کا بھی نہیں سوچ سکتے تھے اس طرح امیر کا بچہ آگے جاتا اور غریب کا بچہ وہیں رلتارہ جاتا۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں مہنگائی کا بے حد احساس ہے لیکن جب عالمی منڈی میں پٹرول 40سے90ڈالر، کوکنگ آئل 900سے 1600ڈالر اور کوئلہ 50 سے150ڈالر فی ٹن تک چلاجائے تو اس سے ہرملک متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ مہنگائی کی لہر سے امریکا، روس، جاپان، ترکی، چین سمیت سب ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک پریشان ہیں لیکن عمران خان نے یہاں راشن کارڈ،کسان کارڈ، لیبرسوشل سیکورٹی کارڈ،ہیلتھ کارڈ متعارف کروایا اسی طرح احساس پروگرام بھی جاری ہے جبکہ طلبا وطالبات کیلئے کروڑوں روپے کے وظائف اور نوجوانوں کیلئے اربوں روپے کے قرضے جبکہ بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے بھی معاونت کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بدھ کو فیصل آباد کر ڈویژن بھر کے ہرگھرانے کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا آغاز کریں گے جس کے باعث اب کوئی بچی یا کوئی شخص سسک سسک کر لاعلاج نہیں مرے گا۔ آج سے پہلے ملک میں اس انداز میں غریب کی خدمت نہیں کی گئی جس طرح اب عمران خان کے دور میں کی جارہی ہے۔