ماضی کی معروف اداکارہ جنہوں نے اپنی صلاحیت سے لوگوں کے دل جیت لیے

خالدہ ریاست ماضی کی معروف اداکارہ

=27 اگست 1996ء کو پاکستان کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئیں۔
انہیں سرطان کا عارضہ لاحق تھا۔ خالدہ ریاست نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1970ء میں لاہور سے کیا۔
انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لاتعداد ڈراموں اور ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کے معروف ڈراموں میں لازوال، مانی، دو کنارے، ایک محبت سو افسانے، نامدار، بندش، پڑوسی، کھویا ہوا آدمی، ٹائپسٹ اور ہاف پلیٹ شامل تھے۔
ان کا آخری ڈرامہ طویل دورانیے کا خصوصی کھیل ’’اب تم جا سکتے ہو‘‘ تھا۔
ان میں سے 80 کی دہائی میں بننے والے ڈرامے بندش میں خالدہ ریاست نے اداکاری کے بے مثال جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں میں وہ جگہ بنائی کہ کامیابیاں ان کے قدم چومتی چلیں گئیں۔
خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا۔
90کی دہائی میں بننے والے طویل دورانیے کے کھیل ”ہاف پلیٹ ‘میں معین اختر کے سنگ اداکاری کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ ہر کردار کو نبھانا بخوبی جانتی ہیں۔

اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی ماضی کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مختلف کردار نبھا کر خود کو منوایا۔
خالدہ ریاست کی کامیابیوں کا مزید سلسلہ دراز ہوتا مگر کینسر جیسے موذی مرض نے اس باصلاحیت اداکارہ کو دیمک کی طرح چاٹ لیا 27 اگست 1996ء کو خالدہ ریاست کینسر سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئیں مگر ان کی ٹیلی ویژن کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی انھیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
وہ کراچی میں سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔۔!!!

Comments are closed.