سڈنی:سڈنی میں مسلمان بھارتی فاسٹ باولر محمد سراج نسلی تعصب کا نشانہ بن گئے،اطلاعات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سڈنی ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑیوں نے آسٹریلین کرکٹ شائقین کی جانب سے نسلی تعصب کا نشانہ بنائے جانے کی شکایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی کھلاڑیوں پر تماشائیوں کی جانب سے نسلی تعصب کے جملے کسے گئے۔ مجموعی طور پر 4 بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے نسلی تعصب کا شکار ہونے کی شکایت کی گئی جن میں مسلمان فاسٹ بائولر محمد سراج بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام بھارتی کپتان اجنکیا رہانے سمیت دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں نے بھی تیسرے روز کھیل کے اختتام پر کرکٹ آسٹریلیا کے حکام اور سٹیڈیم کی سکیورٹی سے بات کی اور انہیں بتایا کہ فائن لیگ پر فیلڈنگ کرنے والے محمد سراج پر تماشائیوں کی جانب سے نسلی تعصب کے جملے کسے گئے۔
فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو بھی ٹیسٹ کے تیسرے روز آئوٹ فیلڈ میں موجودگی کے دوران بھارتی کوچنگ سٹاف کے ساتھ بات کرتے دیکھا گیا جبکہ رہانے نے فیلڈ امپائر پال ولسن اور پال رائیفل کو اس بدسلوکی سے آگاہ کیا۔








