کراچی:امن وآشنی اورتعلیم کا فروغ والد کا مشن تھا جو جاری رہے گا،اطلاعات کے مطابق جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں انڈونشین قونصل جنرل(totok prianamto) ٹوٹوک پریانمتو نے وفد کے ہمراہ مہتمم مولانا نعمان نعیم سے ملاقات کی
انڈونشین قونصل جنرل(totok prianamto) ٹوٹوک پریانمتو نے مفتی محمد نعیم کے انتقال پرصاحبزادگان مولانا نعمان نعیم اور مولانا فرحان نعیم سے تعزیت کی اورمفتی نعیم کی اسلام کے لیے خدمات کوسراہا،اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے مہتمم جامعہ بنوریہ عالمیہ مولانا نعمان نعیم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ والد نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کو بین الاقوامی درسگاہ بنایا، دنیا میں امن وآشنی اورتعلیم کا فروغ والد کا مشن تھا انشا اللہ ان کا یہ مشن جاری رہے گا،
نعمان نعیم نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کیلئے فکر مند تھے،انڈونیشیاء میں پیغام پاکستان طرز کی دستاویز کی تیاری کیلئے بھی علماء سے خود ملاقاتیں کی اورعالمی کانفرنس میں شرکت کی تھی،انہوںنے کہاکہ طلبہ کی علمی ترقی اور دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کے لیے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کوششیں جاری رہیں گی،غیر ملکی طلبہ کو جامعہ اپنا اثاثہ اور ملک کا سفیر سمجھتے ہیں ان کی تعلیم وتربیت کا جو سلسلہ والد نے شروع کیا وہ جاری رہے گا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل ٹوٹوک پریانمتو نے مفتی محمد نعیم کی ملی وعلمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ مفتی محمد نعیم عظیم اسکالر اور انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت تھے،دنیا بھر سے حصول علم کے خواہشمند طلبہ کے لیے ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، مفتی نعیم کا انڈونیشیا اور پاکستان کے تعلقات کی بہتری میں بھی اہم رول رہاہے ،انڈونیشیا میں ہم آہنگی کے فروغ میں بھی ان کا کردار ناقابل فراموش ہے اسی سلسلے میں انڈونیشیا میں دنیا بھر کے علما کی عالمی کانفرنس میں بھی وہ شریک ہوئے ،جس کو انڈونیشین حکومت بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،
انہوں نے کہاکہ انڈونیشیا کے عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں جامعہ بنوریہ عالمیہ کی علمی حوالے سے خدمات دنیابھر محیط ہیں،مفتی محمد نعیم نے ہمارے ہزاروں طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کا موقع فراہم کیا ان کا خیال رکھا ان کی گراں قدر خدمات خراج تحسین کے مستحق ہیں.انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ بنوریہ اور اس کی نئی قیادت مولانا نعمان نعیم،اور فرحان نعیم سے بھی ہمارا تعلق وتعاون جاری رہے گا۔علاوہ ازیں جامعہ بنوریہ عالمیہ میں مولانا غیاث الدین ، مولانا زبیر اشرف عثمانی ، مولانا احمد آفنان سمیت دیگرمذہبی ، سماجی سیاسی شخصیات نے جامعہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم سے تعزیت کی