معروف ٹی وی ڈرامے زندگی گلزار ہے کی جوڑی اداکار فواد خان اور صنم سعید جلد ہی کئی سال بعد ایک بار پھر رومانس کرتے دکھائی دیں گے لیکن اس بار ٹی وی ڈرامے کی بجائے فلم آن میں ایک دوسرے سے رومانس کرتے دکھائی دیں گے

باغی ٹی وی : حمدان فلمز کے مطابق اداکار فواد خان اور صنم سعید جلد ہی آنے والی فلم آن میں ایک بار پھر ایک دوسرے سے رومانس کرتے دکھائی دیں گے ان کے ساتھ معروف اداکارہ زارانور عباس بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی

فلم آن کی دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، نوید شہزاد، نیر اعجاز، نعیم طاہر اور الے خان بھی شامل ہیں معروف پروڈیوسر حسیب حسن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کی کہانی بھی زندگی گلزار ہے کی مصنفہ عمیرہ احمد نے لکھی ہے

فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا اور امید کی جا رہی ہے کہ فلم کو رواں برس کے اختتام تک ریلیز کیا جائے گا

واضح رہے کہ فواد خان اور صنم سعید نے 2012 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامے زندگی گلزار ہے میں بھی مرکزی کردار نبھائے تھے اور ان کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا تھا ان کے کرداروں کو کافی سراہا گیا تھا

یاد رہے کہ زارا نورنے فلم پرے ہٹ لو اور چھلاوا میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ فلم آن میں وہ پہلی مرتبہ فواد خان کے ساتھ اداکاری کریں گی

صنم سعید اس سے قبل فلم کیک میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں جسے گذشتہ برس نیٹ فلیکس پر بھی دکھایا گیا جبکہ فواد کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہوگی

Shares: