لاہور ، وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی جانب سے پی ٹی آئی پر بی جے پی کے رہنما اندرجیت دوسانجھ سے فنڈنگ لینے کے الزام پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان اپنے بے سر و پا بیانات کے باعث رسوائی اور جگ ہنسائی کا سمبل بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور بی جے پی پر ساز باز کا الزام لگانے والی بیگم صفدر اعوان کی اپنی بیٹی کی شادی پر بی جے پی سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بغیر ویزہ پاکستان آۓ۔ نریندر مودی اور نواز شریف سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر گھومتے رہے.
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوۓ غلط پرچی کا سہارا لیکر اپنی سبکی کروالی۔ مذکورہ بی جے پی لیڈر اندرجیت دوسانجھ کا پاکستان تو کیا پوری بی جے پی کو بھی ملنا ناممکن نظر آرہا ہے .فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پہلے لاہور میں روٹی تیس روپے ہونے کا دعوٰی کر کے اپنا مذاق بنوایا، اس کے بعد ان کا لندن تو کیا پاکستان میں جائیداد نہیں ہونے کا دعوٰی غلط ثابت ہوا۔
وزیر جیل خانہ جات نے یہ بھی کہا کہ بیگم صفدر اعوان کے وکیل پانامہ کیس میں انکی جائیدادوں کی لمبی فہرست پیش کر چکے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس ن لیگ کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے, جسے یہ نہ تو نگل سکتے ہیں اور نہ ہی اگل سکتے ہیں۔