مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مقررکردیئے گئے
لاہور:مولانا فضل الرحمان اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مقررکردیئے گئے،اطلاعات کے مطابق ملکی حزب اختلاف کی 11 جماعتوں پر مشتمل ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کو سربراہ مقرر کردیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، نواب اختر مینگل، شاہ اویس نورانی، امیرحیدر خان ہوتی اور دیگر شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اس اہم اجلاس میں پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی کی رہبر کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کو ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ (پی ڈی ایم) کا سربراہ بنانے کی سفارش کی تھی۔دوسری جانب پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک کا آغاز 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام سے کرے گی۔
واضح رہے کہ حزب اختلاف کی 11 جماعتوں نے حکومت کے خلاف ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے اتحاد تشکیل دیا ہے۔اس اتحاد میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔