آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 8 ستمبر سے پاکستان تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہونے جارہا ہے جہاں 30 دن میں 45 تھیٹر شوز پیش کئے جائیں گے جبکہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023 کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل کراچی احمد شاہ کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل نےیہ ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں پاکستان اور دنیا بھر سے تھیٹر گروپس اور فنکار حصہ لیں گے اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا تھیٹر فیسٹیول ہوگا۔
جبکہ ان ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سات ممالک سے تھیٹر گروپس آ رہے ہیں، جس میں 30 دن میں 45 شوز ہوں گے۔ تھیٹر فیسٹیول میں اردو، انگلش، فارسی، سندھی، پنجابی زبانوں میں تھیٹر پیش کیے جائیں گے علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا مثبت چہرہ دکھانے میں میڈیا کا بھرپور کردار ہے، جتنی بڑی برانڈ عالمی اردو کانفرنس، پاکستان لٹریچر فیسٹیول، یوتھ فیسٹیول ہے اس کو آگے بڑھانے پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سکھانے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں، فیسٹیول میں بہت ساری ورکشاپس شامل ہیں۔ تھیٹر کے لوگوں کو نوکریاں نہیں ملتیں، ہماری کوشش ہے کہ تھیٹر کو بھی نصاب میں شامل کیا جائے۔
تاہم اس موقع پر ہدایتکار و اداکار منور سعید نے کہا کہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول احمد شاہ اور ساجد حسن کی بہت بڑی کامیابی ہے، مجھے یقین ہے پاکستان تھیٹر فیسٹیول سے دوبارہ تھیٹر کا مزاج دیکھنے کو ملے گا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے فخر ہے کہ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ میں پڑھنے کا موقع ملا۔ وہاں آل انڈیا انٹرورسٹی یوتھ فیسٹیولز ہوا کرتے تھے، جس میں ڈرامہ، گلوکاری، گروپ ڈانس ہوا کرتے تھے، میں نے وہاں تھیٹر بھی کیا۔
خیال رہے کہ منور سعید نے بتایا کہ عرصہ دراز تک ہم نے تھیٹر کیا مگر تھیٹر میں مائیکرو فون استعمال کرنا جائز نہیں سمجھا جاتا تھا۔ پھر آواز ٹریننگ کی، اس کے ذریعے تھیٹر کیے۔ آج بھی اپنے بچوں کو اس کے بارے میں بتاتا ہوں جبکہ اداکار ساجد حسن نے کہا کہ پاکستان کے حالات کے باوجود تھیٹر فیسٹیول کو کامیاب بنانا بڑی کامیابی ہے، مجھے فخر ہے کہ میں اس ٹیم کا حصہ ہوں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہم جوانی کے دور میں خواب دیکھا کرتے تھے، اس ملک میں ساری زندگی ایمرجنسی رہی ہے، نظریہ ضرورت کے تحت ہمیں ہی سب کام کرنے ہیں تاہم ساجد حسن کا کہنا تھا کہ ہم ادب سے ہی آگے بڑھیں گے، پاکستان بہت روشن خیال ملک ہے، یہ تھیٹر ان تمام چیزوں کو فروغ دیتا ہے، بین الاقوامی تعاون ایک اہم چیز ہے، احمد شاہ نے یہ بہت بڑا قدم لیا ہے جبکہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول کے شوز کا ٹکٹ عوام کےلیے ایک ہزار روپے ہے جبکہ آرٹس کونسل کے ممبران 50 فیصد رعایت پر حاصل کرسکتے ہیں۔