ایف آئی اے نے غیر قانونی طور پر مقیم دو غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا

جیکب لائنز میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر مقیم دو غیر ملکی گرفتار کرلیے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار غیر ملکیوں کا تعلق چین سے ہے جو غیر قانونی طور پر مقیم تھے، دونوں بالترتیب 2017 اور 2019 میں جعلی کاغذات پر پاکستان آئے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ گرفتار ایک ملزم جن بنگ بن 2017 میں جعلی کاغذات پر لاہور آیا اور دوسرا گرفتار ملزم زاو یون ڈونگ 2019 میں کراچی آیا تھا، دونوں 30 ،30 دن کے بزنس ویزا پر پاکستان آئے اور پھر سلپ ہوگئے، اس دوران ملزمان عائشہ منزل، لیاقت آباد، لائنز ایریا اور رنچھوڑ لائن میں کاروبارکررہے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان مقامی افرادکی مدد سے بچوں کے گیمنگ زونز چلارہے تھے، دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کو کارروائی کےلیے اطلاع موصول ہوئی تھی۔

Comments are closed.