فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں، سربراہ پاک فضائیہ
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم اپنی صفوں میں اتفاق اور حب الوطنی کے جذبوں کوفروغ دیں۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر کو یوم شہداء کے طور پر منایا ۔ اس سلسلے میں ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز،افسران اور ائیر مین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دن کا آغاز1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹریٹ میں دشمن پر واضح فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پھر دنیا کو دکھلایا کہ اپنی نیلگوں فضاؤں کی حفاظت کے لیے ہم ہر دم تیار ہیں.
ملک بھر میں آج یوم فضائیہ بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب منعقد ہوئی، ان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن نے کہا پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے کہا راشد منہاس شہید کی قربانی مشعل راہ ہے، پاک فضائیہ وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی، دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔