دوحہ:قطر میں ہوئے فٹبال ورلڈ کپ میں اسکور کیے گئے بہترین گول کا اعلان کردیا گیا۔ا،طلاعات کے مطابق فیفا کی جانب سے ’گول آف دی ٹورنامنٹ‘ کیلئے ووٹنگ میں 10 گول شامل تھے مگر شائقین کو سب سے زیادہ برازیل کے ریچارلیسن کا بائی سائیکل کک پر کیا گیا گول پسند آیا۔
برازیل نے قطر فٹبال ورلڈ کپ مہم کا آغاز سربیا کے خلاف میچ سے کیا اور کھیل 73 ویں منٹ میں ونیش جونیئر کے پاس پر ریچارلیسن نے بائی سائیکل کک مار کر گیند کو جال میں پہنچادیا۔دنیا بھر کے شائقین فٹبال کو یہ گول بھا گیا، ہاٹ فیورٹ برازیل ورلڈ کپ تو نہ جیت سکی لیکن اس گول کا سحر ٹورنامنٹ کے ختم ہونے کے بعد بھی شائقین پر طاری رہا۔
Voted by you and only you:
🕊🇧🇷 @richarlison97's bicycle kick is one for the books and your 🥇 Hyundai Goal Of The Tournament! #HyundaiGOTT2022 | #FIFAWorldCup pic.twitter.com/ZADZr56ds9
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) December 23, 2022
10 بہترین گول کے درمیان ووٹنگ میں ریچارلیسن کا بائی سائیکل گول سب سے زیادہ مقبول رہا۔ فیفا نے یہ سلسلہ 2006 ورلڈ کپ سے شروع کیا ہے۔
ادھرغیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے تصدیق کی ہے کہ قطر میں جاری ورلڈ کپ میں چار ٹیموں پر مشتمل گروپ والے فارمیٹ کی کامیابی کے بعد گورننگ باڈی 2026 کے ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر نظر ثانی کرے گی۔
قطر میں جاری ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شریک تھیں جنہیں 4 ٹیموں پر مشتمل 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ اس میں ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ ورلڈ کپ میں یہ فارمیٹ 1998 سے چلا آرہا تھا۔
تاہم رواں ورلڈکپ اس فارمیٹ کا آخری ورلڈ کپ ہے کیوں کہ فیفا کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول 2026 کا فٹبال ورلڈ کپ سابقہ عالمی کپ کے ایونٹس سے زیادہ طویل ہوگا کیونکہ اس میں پہلی بار 32 کے بجائے ریکارڈ 48 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
فیفا نے ٹیموں میں اضافے کے بعد ہی 2026 کے ورلڈ کپ فارمیٹ کو تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے ورلڈ کپ میں 16، سولہ ٹیموں کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
تاہم فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ میں 4 ٹیموں کے گروپ والے فارمیٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2026 کا ورلڈ کپ بھی اسی فارمیٹ پر کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق جمعہ کو دوحہ میں فیفا کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فیفا کے صدر نے کہا کہ چار ٹیموں کا گروپ شاندار رہا ہے۔ آخری میچ کے آخری لمحات تک آپ کو معلوم نہیں تھا کہ کون آگے جائے گا جس وجہ سے ٹورنامنٹ میں دلچسپی پیدا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلی میٹنگ میں ورلڈکپ 2026 کے فارمیٹ پر نظرثانی کرنا ہوگی۔