فیفا کے وارے نیارے ہوگئے؛ اسپانسر شپ سے ایک بلین ڈالر اضافی کمالیے

0
53

فیفا کے وارے نیارے ہوگئے؛ اسپانسر شپ سے ایک بلین ڈالر اضافی کمالیے

فٹبال کو کک لگنے سے قبل ہی فیفا کے وارنے نیارے ہوگئے، میزبان ملک کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ اسپانسر شپ سے ایک بلین ڈالر اضافی کمالیے۔ فٹبال ورلڈ کپ کے 22 ویں ایڈیشن کا اتوار کے روز قطر میں آغاز ہوگیا تاہم ٹورنامنٹ سے قبل ہی فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کی جانب سے اپنے تمام 200 ممبران کو مطلع کردیا گیا کہ اس ٹورنامنٹ سے انھیں 7.5 بلین ڈالر کی آمدنی ہوگی۔

یہ رقم رواں ورلڈ کپ تک کے 4 سالہ دورانیہ کی اسپانسرز شپ کے ساتھ ظاہر کی گئی ہے، 2018 میں روس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے سابق کمرشل دورانیہ سے یہ رقم ایک بلین ڈالر زیادہ ہے۔ اضافی رقم فیفا کو میزبان ملک کے ساتھ کی جانے والی کمرشل ڈیلز کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے، قطر انرجی نے ٹاپ ٹائر اسپانسر کے طور پر فیفا کو جوائن کیا، تھرڈ ٹائر اسپانسرز کی ایک نئی کیٹیگری بھی بنائی گئی جس میں ایک قطری بینک اور ٹیلی کام فرم بھی شامل ہے۔

اس ورلڈ کپ کی زیادہ تر کمرشل ڈیلز 2011 میں ہی طے پا گئی تھیں جب فیفا کے صدر سیپ بلاٹر کی نگرانی میں 2 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی ڈیلز ہوئی تھیں، جن میں روس اور قطر کے ایونٹس شامل تھے۔ یاد رہے کہ فیفا کی جانب سے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا جاچکا ہے، اس بار ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 40 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ رنر اپ سائیڈ کو بھی 30 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔

Leave a reply