لاہور: پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اپنی سالگرہ کے موقع پر فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ ریلیز کئے جانے کی خواہاں ہیں۔
بلال لاشاری کی فلم’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کافی عرصے سے قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے ریلیز نہیں کی جا رہی لیکن مداحوں کو پاکستانی سپر اسٹار سلطان راہی کی فلم "مولا جٹ” کے بعد اب "دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کا بے صبری سے انتظار ہے تاہم رہلیز کا ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا.
صرف مداح ہی نہیں بلکہ فلم کی کاسٹ بھی اس کی نمائش کے لیے منتظر ہے جبکہ فلم میں اہم کردار کرنے والی پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی اس فلم کو جلد از جلد سینما گھروں کی زینت بنتے دیکھنا چاہتی ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جب ماہرہ خان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے بلال لاشاری سے بات کی تھی شاید وہ یہ فلم دسمبر میں میں ریلیز کریں اور میری بھی یہی خواہش ہے کہ فلم میری سالگرہ پر ریلیز کی جائے.
یاد رہے کہ ماہرہ خان اپنی سالگرہ 21 دسمبر کو مناتی ہیں اور فلم ’’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘‘ میں ماہرہ خان کے علاوہ فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔