ن لیگی  حکومت نے عوامی ٹیکسوں  کے پیسوں سے تحریک انصاف  کے خلاف اشتہاری مہم چلائی، ڈاکٹر فردوس عاشق نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے گلے سڑے نظام کو چیلنج کیا، بد قسمتی سے پاکستان میں اداروں کی بجائے شخصیات کو مضبوط کیا گیا،  پنجاب روزگار سکیم بزدار حکومت کا زبردست اقدام ہے،  ایک لاکھ سے ایک کروڑ تک  قرضے دیئے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی کا آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ ایسو سی ایشن کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم  بزدار حکومت کا ایک اور زبردست اقدام ہے جس کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں۔  اس سکیم کے تحت 30 ارب روپے سے زائد کے آسان قرضے  جا کئے جا رہے ہیں جس سے 16 لاکھ سے زائد لوگوں کو  روزگار ملے گا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آج لاہور چیمبر آف کامرس میں آؤٹ ڈور ایڈور ٹائزنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب  نے آؤٹ ڈور ایڈورٹائزنگ ایسوسی ایشن کا کرونا کے باعث اپریل سے جون تک ٹیکس سے استثنیٰ  دینے کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔ سمری ارسال کر دی گئی ہے اس ضمن میں جلد  نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسو سی ایشن کی جانب سے پی ایچ اے کے ریٹس میں کمی  کے مطالبے پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ بزدار حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جامع اور مربوط صنعتی پالیسی  تشکیل دی۔ ناجائز منافع خوری کے خاتمے  اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے  انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈینس2020 کا اجراء کیا گیا جبکہ صوبے بھر میں تقریباً 362 سہولت بازار قائم کئے گئے۔ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے  17 اضلاع میں صارف عدالتوں کا قیام  عمل میں لایا گیا۔

سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازیخان، ملتان، چکوال،بہاولنگر،جہلم،چنیوٹ،بہاولپور،سیالکوٹ،راولپنڈی،گجرات،اورراجن پور میں کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کا بڑا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اصلیت ان کے گھر  والوں نے ہی بیان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا شیرانی کے بیان نے پی ڈی ایم کا پول کھول دیاہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا اصل چہرہ قوم کو دکھایا جو اپنے ذاتی مفادات کیلئے بھاری رقم وصول کر کے عمران خان کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو چاہیے کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے بجائے نیب کے سوالوں کا جواب اور اپنی کرپشن کا حساب دیں۔  معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز کرپشن کی راجکماری ہیں اور وہ ووٹ کی طاقت سے منتخب ہونے والے نمائندوں کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔  

اپوزیشن پاکستان کو سیاسی طور پر غیر مستحکم کر نے کے مشن پر ہے تاکہ ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گلے سڑے نظام کو چیلنج کیا۔ تحریک انصاف سٹیٹس کو اور مافیاز کے خلاف بر سر پیکار ہے۔ رنگ باز، شو باز اور خود نمائی کرنے والے شاہی خاندان نے عوام کے ٹیکسوں کے پیسے سے تحریک انصاف  کے خلاف میڈیا پر اشتہاری مہم چلائی۔ ا س کے باوجودموجودہ حکومت نے میڈیا کے تمام واجبات ادا کئے۔ شوباز شریف پنجاب کو 1200ارب کا مقروض کر کے گئے جوتحریک انصاف کی حکومت نے  ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں شخصیات کو مضبوط کیا گیا اور اداروں کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا تاکہ قانون کو اپنے  تابع رکھا جا سکے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کے  استحکام اور قانون کی بالا دستی کے بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

قبل ازیں معاون خصوصی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی  نمائندگی کرتے ہوئے  90شاہراہ قائد اعظم پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے  کی تقریب سے خطاب کرتے  ہوئے پنجاب کا سولرآئزیشن  کے نئے جدید دور میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔ حکومت پنجاب سالانہ 36ارب سے زائد سرکاری عمارتوں کو بجلی کی فراہمی پر خرچ کرتی ہے۔ اس مد میں خطیر رقم بچانے کیلئے بجلی کے متبادل
 ذرائع استعمال کرنے کا نہ صرف فیصلہ کیا گیا بلکہ  اس پر عمل در آمد شروع کر دیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج حکومت پنجاب کی جانب سے 10سرکاری یونیورسٹیوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے  سے سالانہ ایک ارب جبکہ معاہدے کی معیاد کی تکمیل تک 25 ارب روپے  کی بچت  ہو گی۔

Shares: