معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پٹنے کے بعد پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر سیاسی سرکس دکھائے گی، جعلی راجکماری کے پرانے راگ سن سن کر عوام بیزار ہوچکے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فضل الرحمن بدستور مدرسے کے طالبعلموں کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ایک بار پھر اقتدار کے حلوے سے محروم رہ جائینگے، پی ڈی ایم کے ساتھ بارہا ہاتھ کرنے والا لاڈلہ شہزادہ ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھا کھوکھلی بڑھکوں پر مبنی تماشا انجوائے کریگا۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے خود اپنی کتاب میں لکھا کہ نواز شریف کو اسامہ بن لادن نے فنڈنگ کی۔ دوسری طرف مولانا فضل الرحمن کئی دہائیوں سے مستفید ہوتے رہے ہیں، ان لوگوں کا کام فقط اداروں کو کمزور کرنا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کھانے کے بعد الیکشن کمیشن جا رہی ہیں۔ راجکماری کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ مریم نواز الیکشن کمیشن سے اپنے بارے میں بھی پوچھ لیں، الیکشن کمیشن نے ان کا بھی کھاتہ کھول لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی حکومت ختم کرنے کے لیے قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف کو فنڈنگ کی گئی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمن کو اقتدار کا درد چین نہیں لینے دے رہا۔ یہ لوگ جیب کترے بن کر عوام کو لوٹتے رہے اور اب یہی لوگ الیکشن کمیشن کے سامنے پتلی تماشا کرنے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راجکماری کی خواہش پوری نہیں ہوگی، الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) سے بھی حساب مانگا ہے۔








