وزیر آباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر فائرنگ کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔

جمعرات کی سہ پہر عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ وزیر آباد کے اللہ والا چوک سے گزر رہا تھا کہ کنٹینر سے فائرنگ کردی گئی۔واقعے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے۔

کراچی میں شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو تریفک کیلئے بند کردیا۔

راولپنڈی سے تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی کی کال پر تحریک انصاف کے کارکن علامہ اقبال پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے احتجاج کیا۔اس کے علاوہ لاہور، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی احتجاج شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب احتجاج کے پیش نظر ملک بھر میں سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ آج عصرکے بعد گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 4 رہنما زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کو عمران خان پر قاتلانہ حملہ قرار دیا گیا ہے جس میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جب کہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے باعث عمران خان کی ٹانگ پر گولی لگی ہے جس کے باعث وہ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فورا نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔ عمران خان کو کنٹینر سے نکال کر فورا بلٹ پروف گاڑی میں طبی امداد کے لیے شوکت خانم اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

Shares: