وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ احسن اقبال صاحب کشمیر پوری قوم کا مشترکہ کاز ہے۔ اس مسئلے پر قومی یکجہتی کی فضا کو سیاست کی نظر نہ کریں۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احسن اقبال صاحب! کشمیر پوری قوم کا مشترکہ کاز ہے۔ اس مسئلے پر قومی یکجہتی کی فضا کو سیاست کی نظر نہ کریں۔ آپ بتائیں کہ 5 اگست سے لے کر اب تک آپکی جماعت یا متحدہ اپوزیشن نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں کیا آواز بلند کی؟ کوئی جلسہ، ریلی، اجتماع یا سیمینار تک منعقد کیا؟ ایک اے پی سی منعقد ہوئی جس کا ٹاپ ایجنڈا اقتدار کا چاند دیکھنے اور قیادتوں کی لوٹی دولت بچانے کے سوا کچھ نہ تھا.
فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے پہیے پنکچر کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں کو لیکچر دے رہے ہیں؟ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق معیشت کی بہتری اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہیں، برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور درآمدات میں واضح کمی آئی ہے۔ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کی کاوشیں بھی رنگ لا رہی ہیں.
ملکی معیشت کے پہیے پنکچر کرنے والے آج کس منہ سے دوسروں کو لیکچر دے رہے ہیں؟وزیراعظم کے وژن کے مطابق معیشت کی بہتری اور اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔برآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور درآمدات میں واضح کمی آئی ہے۔ ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافے کی کاوشیں بھی رنگ لا رہی ہیں
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) September 2, 2019
واضح رہے کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب نے مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے پاس معیشت کو ریسکیو کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ ملک کا خسارہ نہ کرو ایک سائیڈ پر ہوجاؤ۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تمام سیکرٹرز کے کارخانے بند ہورہے ہیں۔ صنعت کا پہیہ رک گیا ہے، پیسہ اجڑ گیا ہے۔ جو منصوبے ہم نے شروع کیے ان میں التواء کی وجہ سے مزید اربوں روپے درکار ہوں گے۔ تمام منصوبوں میں حکومت کی غفلت کی وجہ سے آج ایک نئی قیمت قوم کو اٹھانا پڑے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے حکومت کی کشمیر پالیسی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سربراہان مملکت سے ملاقاتوں کی بجائے اسلام آباد میں چپک کر بیٹھ گئے ہیں۔