ٹوکیو (اے پی پی) جاپان میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر حکام نے لاکھوں لوگوں کو نقل مکانی کا حکم دیدیا.

تفصیلات کے مطابق جاپانی حکام نے ملک کے مغربی جنوب میں8لاکھ پچاس ہزار افراد کو سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ کے پش نظر نقل مکانی کرنے کا حکم دیا ہے۔ سیلاب میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کی جانب سے شمالی کیوشو کے خطہ میں ہائی الرٹ جاری کئے جانے کے بعد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ شدید بارشوں کے باعث زیادہ نقصانات کا اندیشہ ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں ایسے زیادہ تر لوگوں کا تعلق متوسط طبقے سے ہے۔ فائر اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ساگا اور ناگاساکی میں سیلاب سے مکانات اور املاک کے نقصانات کی اطلاعات ملی ہیں۔

جاپان کے محکمہ موسمیات کے حکام نے بدھ کی صبح ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ متعدد شہروں میں شدید بارشوں کا امکان ہے اس سلسلہ میں ضروری وارننگ جاری کردی گئی ہے کیوشو میں شدید بارشوں سے ٹرانسپورٹ اور ٹرین سروس میں خلل پڑا.

Shares: