فرانس میں انسانی اسمگلنگ کےخدشے میں 4 روز تک روکے گئے رومانین چارٹر طیارے کو 276 مسافروں کے ساتھ واپس بھارت بھیج دیا گیا۔
باغی ٹی وی: فرانسیسی حکام کے مطابق انسانی اسمگلنگ سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جہاز کو 21 دسمبر کے روز تحویل میں لے لیا گیا تھا،رومانین طیارہ متحدہ عرب امارات سے مسافروں کو لے کر نکار اگوا کی جانب جا رہا تھا، فرانس کے واٹری ائیرپورٹ پر طیارے نے سپلائی کیلئے لینڈ کیا تھا طیارے میں 300 سے زیادہ بھارتی باشندے سوار تھے،امارات سے نکاراگوا جانے والے طیارے کوچار روز تک فرانس کی شمپین کاؤنٹی کے ائیرپورٹ پر روک رکھا تھا۔
پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا ہے کہ باقی رہ جانے والے مسافروں میں سے دو کو انسانی اسمگلنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیاتھا، تاہم پیر کے روز جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا جج نے انہیں فرانس کے قانون کے تحت تحقیقات میں مدد کے لیے معاون گواہوں کی حیثیت دے دی ہے۔
لیجنڈ ایئرلائنز کا اے 340 طیارہ جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے فجیرہ ایئرپورٹ سے نکارا گوا کے مناکواکے لیے روانہ ہوا تھا اور سفر کے دوران ایندھن بھرنے کے لیے فرانس کے وٹری ایئرپورٹ پر اترا، جسےپولیس نے یہ خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کہ طیارہ ممکنہ طور پر انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، روک لیا۔
تاہم استغاثہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا کہ آیا طیارے میں سوار مسافروں کی منزل امریکہ ہو سکتی ہے، جہاں حالیہ برسوں میں میکسیکو کی سرحد عبور کر کے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے بھارتی باشندوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔