گرین ویو کوآپریٹو سوسائٹی اور لاہور موٹروے سٹی کی انتظامیہ کے فراڈ بے نقاب
نیب لاہور کا اہم ملزم گرفتار
نیب لاہور نے اعلان کیا کہ گرین ویو کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی کے سابق صدر ملزم میاں رفاقت علی کو گرفتارکرلیا گیاہے- ملزم میاں رفاقت علی پر ذاتی مفاد کیلئے گرین ویو ہائوسنگ سوسائٹی کے رقبہ میں مبینہ خرد برد سے خطیر سرمایہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم نے مبینہ طور پر اپنے اور اہل خانہ کے نام مجموعی طور پر 40 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنائے۔
ملزم رفاقت علی اور اہل خانہ کے نام 100 سے زائد بینک اکائونٹس موجود ہونیکا انکشاف ہوا ہے جسکی تحقیقات کی جا رہی ہیں- ملزم رفاقت علی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ہائوسنگ سوسائٹی کی ڈویلپمنٹ کے نام مبینہ طور پر 5 کروڑ کی رقم خرد برد کرنے کا مرتکب ٹھہرا۔ نیب لاہور کو گرین ویو کوآپریٹو سوسائٹی اور لاہور موٹروے سٹی کی انتظامیہ کیخلاف دھوکہ دہی کی تاحال 70 سے زائد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ ملزم کیخلاف موصول ہونیوالی شکایات کیمطابق ملزم مبینہ طور پر سوسائٹی کے فنڈز اور زمین کی خردبرد میں ملوث ہے۔
دوران تحقیقات ملزم رفاقت علی اپنے اور اہل خانہ کے نام موجود اثاثہ جات کے زرائع ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ تحقیقات کے دوران ملزم اور اہل خانہ کے نام کم و بیش 40 کروڑ مالیت کے اثاثہ جات موجود ہونے کے شواہد حاصل ہوچکے ہیں۔ ملزم اور اہل خانہ کے نام مجموعی طور پر 1235 کنال زرعی اراضی، 48 رہائشی پلاٹ جبکہ 40 کمرشل پلاٹ موجود ہونے کے شواہد حاصل کئے گئے ہیں۔ ملزم میاں رفاقت علی کی کروڑوں روپے مالیت کی بے نامی جائیدادوں میں لاہور گلبرگ میں 1 کنال کا پلاٹ اور لاہور موٹر وے سٹی میں 26 کنال اراضی پائی گئی ہے- ملزم پر بطور صدر گرین ویو کوآپریٹو سوسائٹی ترقیاتی منصوبہ جات اپنے قریبی عزیرو اقارب کو نوازنے کا بھی الزام ہے جس سے ملزم نے مبینہ خطیر رقوم کی ہیر پھیر کی گئ۔
ملزم رفاقت علی کو ضمانت قبل از گرفتاری کی منسوخی کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے- نیب حکام کی جانب سے ملزم رفاقت علی کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے کل احتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش کیا جائیگا-