9999 پر ایس ایم ایس کے ذریعے سیلاب زدگان کو فنڈ دینے کی سہولت متعارف کردی گئی

0
55

پی ٹی اے نے موبائل فون ایس ایم ایس کے ذریعے سیلاب زدگان کے لیے وزیراعظم کے فنڈ میں رقم جمع کرانے کی سہولت متعارف کرادی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی غرض سے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022ء کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق شہری موبائل فون سے ’’فنڈ‘‘ لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں، تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔ پی ٹی اے نے یہ نوٹی فکیشن وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جاری کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن سیلاب کی صورتحال میں اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر حضرات اور اداروں سے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے ’’وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022ء ‘‘قائم کیا تھا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق عوام ’’وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ’ اکاؤنٹ نمبر G-12164 میں عطیات جمع کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل بینک آف پاکستان نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کےلئے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کےلئے عطیات کی وصولی کے لئے اکاﺅنٹ کھول دیا تھا.

نیشنل بینک آف پاکستان نے سیلاب متاثرین کے ریلیف اور بحالی کےلئے فنڈز وصول کرنے کا اعلان کیا تھا. این بی پی حکومت پاکستان کے قائم کردہ فنڈ کے تحت فنڈز جمع کرے گا. ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی بحالی کےلئے ایک فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت ”وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022‘‘ کے ٹائٹل سے ایک اکاﺅنٹ کھول دیا گیا ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کی تمام شاخیں پاکستان بھر سے نقد، ڈراپ چیک اور متبادل ڈیلیوری چینلز ( اے ڈی سیز) کے ذریعے عطیات/فنڈز وصول کریں گی۔ ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بھی پاکستان کے اندر سے عطیات وصول کیے جاسکتے ہیں جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انٹرنیٹ پیمنٹ گیٹ وے کے ذریعے اپنے فنڈز بھیج سکتے ہیں۔

Leave a reply