کراچی :وزیراعظم کے عظیم ساتھی نعیم الحق کی نمازجنازہ اداکردی گئی ، گزری قبرستان میں سپردخاک کیا گیاوزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کو کراچی کے گزری قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ مولانا تنویرالحق تھانوی نے نعیم الحق کی نماز جنازہ کی امامت کی جس کے بعد انہیں گزری قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

مرحوم رہنما کی نماز جنازہ مسجد عائشہ ڈیفنس میں ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور دیرینہ دوست نعیم الحق گزشتہ روز طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے ،پی ٹی آئی رہنما طویل عرصے سے کینسر میں زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ دیرینہ دوست نعیم الحق کی موت کی خبر نے ہلا کر رکھ دیا ،وہ تحریک انصا ف کے 10بانی اراکین میں سے ایک تھے ،تحریک انصاف کی 23سالہ جدوجہد میں وہ میرے ساتھ رہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں جب بھی مشکل میں ہوتا تو وہ ہمیشہ میری سپورٹ کرتے ،نعیم الحق نے گزشتہ دو سالوں سے کینسر کے ساتھ بڑی بہادری کے ساتھ جنگ لڑی ،وہ آخر تک پارٹی کے معاملات میں شامل رہے اور جہاں تک ممکن ہوا انہوں نے کابینہ اجلاس میں بھی اپنی شرکت لازم بنائی،نعیم الحق کا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔

Shares: