گاڑیوں کے بے جاچالان ‘ ٹرانسپورٹرز نے وہاڑی چوک بلاک کردیا‘گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

ملتان ۔ 04 اگست (اے پی پی) جنرل بس سٹینڈز سے نکلنے والی گاڑیوں کے بے جا چالان کی خلاف ٹرانسپورٹرز نے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے وہاڑی چوک بلاک کر کے ٹریفک جام کر دی ۔ ٹریفک بند ہونے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جو گھنٹوں کھڑی رہیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ مظاہرین نے ٹریفک انسپکٹر شمس اور وارڈن علی اکبر کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز سڑکوں پر ناجائز چالانوں پر پھٹ پڑے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئی جی موٹر وے سے فوری نوٹس لے کر ریلیف دینے اور جنرل بس سٹینڈز سے نکلنے والی گاڑیوں سے پیسے وصول کرنے والے انسپکٹر شمس اور وارڈن علی اکبر کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ داد رسی نہ ہونے کہ صورت میں پہیہ جام ہڑتال سمیت دیگر راست اقدام اٹھانے کا فیصلہ کریں گے ۔ مظاہرین نے مزید کہا ہے کہ سڑکوں پر بھی ٹریفک پولیس کے عدم تعاون کے باعث خاصی مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔

Shares: