کولمبو:پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے اور میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنالیے ہیں۔
سری لنکا کے گال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کی جانب سے اوپنر اوشاڈا فرنینڈو نے 50 رنز بنائے، انہیں اسپنر محمد نواز نے نشانہ بنایا، وکٹوں کے پیھے محمد رضوان نے ان کا کیچ پکڑا۔
سری لنکا کےدوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کوشال مینڈس تھے جو 3 کے انفرادی اسکور پر آغا سلمان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔سری لنکا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دیمتھ کرونا رتنے تھے، انہیں لیگ اسپنر یاسر شاہ نے پویلین کا راستہ دیکھایا، وہ 40 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو کیچ تھما بیٹھے۔
دوسرے میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، گزشتہ میچ میں حیران کن طور پر ٹیم سے ڈراپ کیے گئے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ تجربہ کار کھلاڑی اظہر علی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہیں جب کہ انجرڈ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ اسپنر نعمان علی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بابر اعظم(کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، فواد عالم، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی اور نسیم شاہ۔
یاد رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان نے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر گال اسٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بنایا تھا۔