پاکستان ہندو کونسل نے اپنے اعلی سطحی اجلاس میں بھونگ شریف رحیم یار خان میں گنیش مندر پر افسوسناک حملے کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ریاستی اداروں کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کی کابینہ کا اہم اجلاس پی ایچ سی سیکرٹریٹ کراچی میں منعقد ہوا جس میں صدر ہندو کونسل گوپال داس، سیکرٹری جنرل پرشوتم رامانی، موہن لال راٹھی، وکرم راٹھی اور ڈاکٹر شنکر لال سمیت اعلی عہدے دار شریک ہوئے، اس موقع پر سرپرست اعلی پاکستان ہندو کونسل اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے شرکا کو گنیش مندر حملے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر رمیش کمار کے متحرک کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا، پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی نے تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گنیش مندر کی تعمیر نو کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے، مقامی انتظامیہ کے مطابق حملے میں ملوث چالیس شرپسندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے،پولیس دیگر ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کوشاں ہے۔
پاکستان ہندو کونسل نے ڈاکٹر رمیش کمار کو حملے کے بعد کی نازک صورتحال سے احسن انداز سے نمٹنے پر بھی تعریف کی، چیف جسٹس گلزار احمد نے ڈاکٹر رمیش کمار سے ملاقات کے دوران واقعے کا نوٹس لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ افسوسناک واقعے کے فوری بعد عالمی میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کردیا گیا تھا، ریاستی اداروں کے بروقت اقدام نے ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم شدت پسندی کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہے، حالیہ افسوسناک واقعے کی مذمت پاکستان کے ہر امن پسند مکتبہ فکر نے کی، پاکستان کی محب وطن ہندو کمیونٹی وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس گلزار احمد اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مشکور ہے جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ہندو کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا .
پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیارہ اگست کو غیرمسلم اقلیتوں کا قومی دن بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا، ملک بھر میں واقع مندروں، گوردواروں اور گرجا گھروں سمیت غیرمسلم اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مقدس مقامات کی انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ پاکستانی ہندو کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے گیارہ اگست کو پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اور پاکستان ہندو کونسل کا جھنڈا لہرایا جائے، پاکستان ہندو کونسل نئی نسل کو قائد اعظم کی گیارہ اگست کی تقریر سے روشناس کرانے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے شہرقائد میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کرے گی، ملک کے دیگر مقامات پر بھی گیارہ اگست کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی تاکہ دنیا کو یہ عملی طور پر دکھایا جائے کہ پاکستان میں غیرمسلم اقلیتیں آئین پاکستان اور قائد اعظم کے وژن کے تحت مکمل آزاد ہیں، سپریم کورٹ، پارلیمان، پاک افواج سمیت پاکستان کی تمام ریاستی مشینری شدت پسندوں کی بیج کنی اور اقلیتوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے،ٹیری صوبہ خیبرپختونخوا میں شری پرم ہنس جی مہاراج کی سمادھی اور رحیم یار خان میں گنیش مندر پر حملے کے بعد ریاستی اداروں نے اپنی ذمہ داریاں اچھے انداز میں نبھائی ہیں۔

Shares: