گیس کی قیمتوں میں اضافے پرکام جاری، نگران وزیر توانائی

0
79
gas-loadshedding

نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا ہےکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے پرکام جاری ہے،کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ 500 روپے سےکم کا بوجھ ڈالا جائےگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا تھا کہ ڈالرکی قیمت ضرور کم ہورہی ہے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا 30 ستمبرکو ہی معلوم ہوگا۔
نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا تھا کہ ڈسکوز سمیت پاور ڈویژن کے 14 اداروں کی نجکاری چاہتے ہیں، ورلڈ بینک سے بھی اس بارے میں بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل آئی پی پیز کے ساتھ ماضی کے معاہدوں کو نہیں چھیڑسکتے، نجی شعبہ آئے ،کمائے، مگر ٹیکس پورا دے۔ جبکہ دوسری جانب آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ترجمان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر چلنے والی خبروں پر بیان جاری کردیا۔
ترجمان اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اوگرا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پرقیاس آرائیوں سے بچنےکی اہمیت پر زور دیتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی قیمتوں اور ڈالر کی شرح تبادلہ پرمنحصر ہیں اور حالیہ دنوں میں بین الاقوامی سطح پرپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ ملک میں ڈالر سے روپے کی شرح تبادلہ میں بہتری آئی ہے اور پیٹرول کی نئی قیمتوں کے اعلان میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے اس لیے اس مدت میں قیمتوں پرقیاس آرائیاں تیل کی سپلائی چین میں خلل ڈال سکتی ہیں۔

Leave a reply