پاک بحریہ کےزیر اہتمام62 واں یوم گوادر جوش و جذ بے سے منایا گیا
پاک بحریہ نے 62واں یومِ گوادر روایتی جوش و جذبے سے منایا۔گوادر کی پاکستان میں شمولیت کی مناسبت سے یہ دن ہر سال منایا جاتا ہے۔ پاک بحریہ کے تحت گوادر میں متعدد تقریبات کا انعقاد کیا گیا،کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مہمان خصوصی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ساحلی خطے کی ترقی کے لئے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ تاریخی تناظر میں ، عمان کی جانب سے گوادر کو1958 میں باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ آغاز میں پاک بحریہ کے اس وقت کے لیفٹیننٹ افتخار احمد سروہی کی سربراہی میں بحریہ کی پلاٹون نے گوادر میں پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔
دن کا آغاز پی این ایس اکرام ،گوادرمیں منعقدہ ایک شاندار پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ پاک بحریہ کی جانب سے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں بوٹ ریلی کے انعقاد ، ہوور کرافٹ کی مشقوں کا مظاہرہ ، اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور نیول ایوی ایشن کے ساحل سمندر پر مظاہرے شامل تھے۔ مقامی لوگوں کا جوش و خروش عروج پر رہا اور شائقین کی بڑی تعداد نے تقریبات سے لطف اٹھایا۔
گوادر ڈے کی تقریبات کا مقصد عوام میں گوادر کی تاریخ کے بارے میں آگہی کا فروغ تھا۔ معززین ِ شہر، عسکری نمائندگان اور مقامی حکام سمیت حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے کورونا کی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تقریبات میں شرکت کی۔