جنرل قمر باجوہ کا کنٹرول لائن کا دورہ، کہا بجٹ کٹوتی خطرات کیخلاف دفاعی صلاحیت پر اثر انداز نہیں ہو گی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے موقع پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ وقت گزارا. اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے. آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کٹوتی کو خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیت پر کسی صورت اثرانداز نہیں ہو نے دیں گے اور اسے دوسرے امور میں ایڈجسٹمنٹ سے پورا کیا جائے گا.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پاک فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ کیا اور ہم سمجھتے ہیں‌ کہ یہ قوم پر احسان نہیں ہے. ہم ایک زندہ قوم ہیں اور یہ اقدام ہر قسم کے حالات میں یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے. ان کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع کیلئے پرعزم جوانوں کی عید ان کا یہ فخر ہے کہ وہ عید جیسے تہوار پر بھی خاندان سے دور وطن عزیز کے دفاع کے مقدس فریضہ کی ادائیگی میں‌ مصروف ہیں.

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وطن کے محافظوں کی پہلی فیملی پاکستانی قوم ہے جبکہ گھروں میں‌ موجود فیملی اور خاندان اس کے بعد ہے. ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تنخواہ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ بھی صرف افسران کا ہے. اس فیصلے کا جوانوں پر اطلاق نہیں ہوگا اور بجٹ کٹوتی پاک فوج کے سپاہیوں کے معیار زندگی پر اثرانداز نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ ملکی معیشت کے پیش نظر پاک فوج نے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے اور ان کے اس فیصلہ کو تحسین کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے.

Comments are closed.